امریکہ نے کیلی فورنیا میں فائرنگ کے واقعے کے بعد ویزا فری داخلے کے پروگرام میں سختی کرتے ہوئے اسے مزید سخت بنانے کا فیصلہ کرلیا‘ اب بغیر ویزے کے کسی کو امریکہ میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔
امریکہ آنے والے تمام وی ڈبلیو پی مسافروں کو آئندہ اپریل سے ایسا ای پاسپورٹ رکھنا ہوگا جس میں بائیومیٹرک ڈیٹا ہو۔امریکی ایوان نمائندگان نے ملک میں بغیر ویزے کے داخلے کا عمل سخت بنانے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔اس بل کی سینیٹ سے منظوری کی صورت میں نئے
اقدامات کے تحت اب ایسے افراد کو بغیر ویزے کے امریکہ میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی جنہوں نے مارچ 2011 کے بعد عراق اور شام کا سفر کیا ہو۔
اس کے علاوہ ایسے افراد جنھوں نے ایران اور سوڈان کا سفر کیا ہو، انھیں بھی ویزے کی ضرورت ہوگی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکہ کے ’ویزا ویور‘ پروگرام کے تحت تین درجن سے زیادہ ممالک ایسے ہیں جن کے شہریوں کو امریکہ آمد کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ویزے کے بغیر امریکہ سفر کرنے کی سہولت میں مجوزہ تبدیلی کے حق میں ایوان نمائندگان نے 19 کے مقابلے 407 ووٹ دیئے۔